منگلورو 30؍جون (ایس او نیوز) پولیس کمشنر ٹی آر سریش کے بیان کے مطابق گزشتہ دنوں ایک لاڈج میں چلائے جارہے جسم فروشی کے اڈے اور ایک ’کلب‘ میں چلائے جارہے جوے بازی کے اڈے پر چھاپہ ماری کے بعد منگلورو میونسپالٹی اور سوسائٹی رجسٹرار کو ان ٹھکانوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش پولیس کی طرف سے بھیج دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پمپ ویل میں واقع لاڈج میں ’انسانی تجارت‘ کے شبے میں چھاپہ ماری کے بعد وہاں پر خفیہ طریقے سے چلائے جارہے جسم فروشی کے اڈے کا پتہ چلا تھا۔ جہاں سے بنگلہ دیشی خواتین سمیت جسم فروشی کے لئے استعمال ہونے والی6خواتین کو رہا کروایا گیا تھا اور ہوٹل کے چھ اسٹاف کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ، جبکہ دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے لئے اس ہوٹل کا لائسنس منسوخ کرنے درخواست منگلورو میونسپل کارپوریشن کو بھیج دی ہے۔
اسی طرح کے ایس آر ٹی سی بس اسٹانڈ بیجائی میں واقع ایک ریکریشن کلب پر چھاپہ ماراگیا جہاں پرجوے بازی چل رہی تھی۔یہاں جوے بازی میں ملوث 51افرادکو گرفتار کرلیا گیاتھا۔ اس کے علاوہ 1.2لاکھ روپے اور40موبائیل فونس بھی ضبط کیے گئے تھے۔پولیس نے رجسٹرار آف کوآپریٹیو سوسائٹیز سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ کلب کا رجسٹریشن اور کاروبار چلانے کا لائسنس منسوخ کردے۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ شہر میں ’اسکل گیم‘ کے نام پر چلائے جارہے جوے بازی کے ٹھکانوں کے تعلق سے معلومات مل رہی ہیں۔ نوجوان اس جال کا شکار ہورہے ہیں۔ اس لئے پولیس افسران کو اس تعلق سے چوکنا رہنے اور اسکل گیم کے ان ٹھکانوں پر پوری طرح نظر رکھنے اور جہاں ضروری ہواقدام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔